اب پی ٹی آئی کے وزرا کا احتساب ہوگا، نفیسہ شاہ

ہم نے کسی کے خلاف مقدمے نہیں بنائے،علی اعوان

  • ریحام کی کتاب کے بارے میں سب کو معلوم تھا،علی پرویز ملک
  • فواد چوہدری نے تو بہت سیاسی ٹرن لیے ہیں،نفیسہ شاہ

اسلام آباد: ڈاکٹر ماریہ ذولفقار کا کہنا ہے کہ جب حکومتی وزرا کے بارے میں افواہیں سامنے آئیں گی تو سوال تو اٹھیں گے۔

پروگرام میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی نواز اعوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج معیشت کی یہ حالت کیوں ہے؟ ہم نے کسی کے خلاف مقدمات نہیں بنائے۔

انہوں نے فواد چوہدری کے بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اپوزیشن میں تھے تو ریحام خان کی کتاب کے بارے میں آج کی اپوزیشن کو پہلے سے معلوم تھا جب ہم پوچھتے تھے کہ آپ کو کیسے پتا تو یہ کہتے تھے کہ انہیں ایسا لگتا ہے۔ اور آج ہمیں بھی جو بات محسوس ہوتی ہے وہ ہم بول دیتے ہیں۔

جہانگیر ترین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ہماری پارٹی کے ایک اہم رہنما ہیں اور ان کا پارٹی میں اہم کردار ہے لیکن ہم انہیں کوئی عہدہ دینے نہیں جارہے۔

ریحام کی کتاب کے بارے میں سب کو معلوم تھا،علی پرویز ملک

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما علی پرویز ملک نے کہا کہ ریحام کی کتاب کے بارے میں سوشل میڈیا پر پہلے سے ہی شور مچ چکا تھا اور اس پر کیا ن لیگ اپنے کان اور آنکھیں بند کرلیتی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے خلاف فیصلہ آنے کے بعد فوری طور پر وزیراعظم ہاؤس خالی کردیا تھا لیکن اب ایسا کون کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت کو چاہیئے کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلے اور ملک کی ترقی کے لیے مل کر کام کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں چیزوں کو ٹھیک کرنا چاہیئے اور نیب کے قانون میں بھی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہم سے غلطیاں ہوئیں تو یہ انہیں نہ دہرائیں۔

فواد چوہدری نے تو بہت سیاسی ٹرن لیے ہیں،نفیسہ شاہ

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ فواد چوہدری نے تو اتنے سیاسی ٹرنز لیے ہیں کہ ان کے بیان کا کیا جواب دیا جائے کیونکہ وہ پہلے مشرف کی جماعت میں تھے اس سے پہلے کہیں اور تھے اور اب نہیں معلوم کہاں جانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری تو کچھ بھی بول کر معافی مانگ لیتے ہیں اسی لیے ان کے بیانات پر کیا تبصرہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کسی کا احتساب ہوگا تو وہ پی ٹی آئی کے وزرا کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عوام میں اپوزیشن کو تباہ کرنے کا تاثر جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں