کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، میئر کراچی


کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔ وفاق اور سندھ نے کراچی میں آپریشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

وسیم اختر نے سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں وفاق اور سندھ کی نظر ثانی کی اپیل مسترد کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن پر سیاست چمکانے والے نظر نہیں آ رہے ہیں۔ کراچی میں 90 فیصد تجاوزات ہیں یہاں جو آتا ہے وہ فٹ پاتھ پر گھر بنالیتا ہے۔ صدر میں تو صرف ابھی ایمپریس مارکیٹ سے ہی تجاوزات ہٹائی گئی ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ جن افراد نے گھروں میں تجاوزات کر رکھی ہے انہیں بغیر نوٹس کے نہیں ہٹایا جائے گا بلکہ انہیں گھر خالی کرانے سے پہلے 30 دن کا نوٹس دیا جائے گا اور غیر قانونی طور پر آباد افراد کو متبادل فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام پارکوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اس پر سپریم کورٹ کا حکم آ گیا ہے جب کہ ہم نے اپنا پلان بھی عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔

فاروق ستار سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاروق ستار نظر نہیں آ رہے ہیں وہ بہت باتیں کر رہے تھے، اُن کے بھی صرف مگر مچھ کے آنسو تھے۔


متعلقہ خبریں