سعودی عرب امریکا کا بہت اچھا اتحادی ہے، امریکی صدر

فوٹو: فائل


لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب امریکا کا بہت اچھا اتحادی ہے اور وہ امریکی خفیہ ادارے کی رپورٹ کے باوجود محمد بن سلمان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرزکو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ولی عہد محمد بن سلمان سعودی عرب کے رہنما ہیں۔

انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہونے کا مطلب محمد بن سلمان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے؟ جس پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہاں اس موقع پر ایسا ہی ہے۔

امریکی صدر سے سوال کیا گیا کہ سعودی شاہی خاندان کےکچھ لوگ محمد بن سلمان کو ولی عہد نہ بنانے کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں اور ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ضمن میں امریکا اور امریکی صدر اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، جواب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا کیوں کہ میں نے اس بارے میں نہیں سنا، ان کا کہنا تھا کہ  اقتدار پر محمد بن سلمان کی گرفت کافی مضبوط ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امید ہے امریکی سینیٹرز سعودی عرب کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کی تجویز نہیں دیں گے۔

انٹرویو کے دوران سعودی صحافی کے قتل میں محمد بن سلمان کے ملوث ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر صدر ٹرمپ نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

یمن سے متعلق پوچھے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یمن میں جو ہو رہا ہے وہ مجھے برا لگتا ہے،تالی ایک ہاتھ سے نہیں بجتی، میں چاہتا ہوں کہ ایران بھی یمن سے نکل جائے۔


متعلقہ خبریں