اسد قیصر کی سربراہی میں اسپیکر چیمبر میں خصوصی بیٹھک

ملاقات میں اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے خصوصی مشاورت

فوٹو: نیشنل اسمبلی


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر تحریک انصاف وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اسپیکر چیمبر میں اہم بیٹھک ہوئی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک، پارلیمانی امور کے وزیر علی محمد خان اور دیگر اعلیٰ حکومتی اراکین بھی ملاقات میں موجود تھے۔

خصوصی ملاقات میں اسمبلی کے معاملات اور اسمبلی کی کارروائی کو ریگولیٹ کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران ملاقات دیگر اہم امور پر بات چیت کے ساتھ ساتھ اسٹینڈنگ کمیٹیوں کی تشکیل کے حوالے سے خصوصی مشاورت عمل میں لائی گئی۔

واضح رہے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چیئرمین کے نام پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن اور حکومت میں ڈیڈ لاک برقرار رہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ہی قائمہ کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جا سکے گا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے شہباز شریف کا نام بطور چیئرمین پی اے سی قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس شخص پر مقدمات ہوں اس کو چئیرمین پی اے سی نہیں بنا سکتے، اپوزیشن میں کئی ایسے ارکان موجود ہیں جو اس عہدے کیلیے موزوں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چئیرمین پی اے سی کی عدم تقرری کے باعث 30 سے زائد قائمہ کمیٹیاں تشکیل نہیں پا رہیں، اپوزیشن جلد از جلد چیئرمین پی اے سی کا نام فائنل کرے۔


متعلقہ خبریں