حکومت نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی تسلیم کر لیا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی)کا چیئرمین تسلیم کر لیا ہے۔

وزیر دفاع پرویز خٹک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے  بتایا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیئرمین تسلیم کر لیا ہے اور ہم نے روایات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں چیئرمین پی اے سی مانا ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لینے کیلیے خصوصی کمیٹی بنے گی، اس کمیٹی کے سربراہ کا تعلق تحریک انصاف سے ہوگا۔

دوران گفتگو صحافی نے سوال کیا کہ کون سی مجبوریاں تھیں کہ اپوزیشن کا مطالبہ ماننا پڑا؟ جس پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مجبوریاں نہیں ہوتیں لیکن ایوان کو چلانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ روایت کو تسلیم کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو چئیرمین پی اے سی مانا۔ صحافی نے سوال کیا کہ اب اس پر یوٹرن تو نہیں لیا جائے گا جس پر پرویز خٹک مسکرا دیے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تسلیم کر لیا ہے کہ شہباز شریف ہی چئیرمین پی اے سی ہوں گے اور ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اس سے پہلے قومی اسمبلی میں جاری اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی منتخب کرنے کا عندیہ دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی (پی اے سی) بننا چاہتے ہیں تو بن جائیں۔

قبل ازیں وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی وفد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے چیمبر میں پہنچا اور شہباز شریف سمیت مسلم لیگ نون کے دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ پرویز خٹک کے ہمراہ علی محمد خان اور عامر ڈوگر بھے تھے۔

 


متعلقہ خبریں