بلاول کا شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا خیرمقدم

نیا پاکستان عوام کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، بلاول

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو چیئرمن پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) بنانے پر حکومتی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے جمہوریت کی فتح ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق بلاول بھٹو نے چیئرمن پی اے سی بنانے کی حکومتی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ چیئرمن پی پی پی کی تجویز پر ہی اس مسئلے پر بات چیت آگےبڑھی اور جمہوریت کی فتح ہوئی۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق بلاول بھٹو کا مؤقف واضح اور دو ٹوک رہا ہےکہ چیئرمن پی اے سی کے عہدے پر اپوزیشن لیڈر کا ہی حق ہے۔

چیئرمین پی پی پی کے ترجمان نے یاد دلایا کہ اپوزیشن لیڈر کو چیئرمن پی اے سی مقرر کرنے کی روایت خود پاکستان پیپلزپارٹی نے ڈالی تھی۔

ترجمان کے مطابق نواز شریف دور حکومت کے پیراز کی آڈٹ کے لیے الگ کمیٹی بنانے کی تجوہز بھی پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی دی تھی۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کے مطابق پی پی پی جمہوری روایات کی امین جماعت ہے اور آج چیئرمین بلاول بھٹو کی پیش کردہ تجویز پر اتفاق رائے کرکے پارلیمنٹ کو ڈیڈ لاک کی صورتحال سے بچا لیا گیا ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے دعویٰ کیا کہ آج پھر پی پی پی کے اصولی مؤقف کی وجہ سے پارلیمنٹ سرخرو ہوئی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ہم اپنے سیاسی نفع یا نقصان کے لیے نہیں بلکہ جمہوریت اور اداروں کی بہتری کے لیے  فیصلے کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں