ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی


اسلام آباد: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2020 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے تاہم ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا کہ ان میچز کا انعقاد کس ملک میں ہوگا۔

میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا البتہ میچز کہاں کہاں ہوں گے اس کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصہ پہلے کیا جائے گا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر 2020 میں منعقد کیا جائے گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

اس بات کا امکان ہے کہ بھارت کی ہی طرح پاکستان بھی اپنے میچز کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کرے گا تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ ٹورنامنٹ سے چند ماہ قبل کیا جائے گا۔

پاکستان نے رواں سال ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کا انعقاد کراچی میں کیا تھا جس میں متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز کا ملک میں کامیابی سے انعقاد کیا ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کے کئی میچز بھی پاکستان ہی میں کھیلے جاچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں