ایشیا کپ پاکستان میں ہوا تو بھارت شرکت نہیں کرے گا، بی سی سی آئی

فوٹو: فائل


نئی دہلی: بھارت میں کرکٹ سے متعلق معاملات پر نظر رکھنے والے ادارے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل سے ایشیا کپ 2020 کا مقام بدلنے کا مطالبہ کر دیا۔

بی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر ایشیا کپ پاکستان میں ہوا بھارت شرکت نہیں کرے گا، پاکستان ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے بجائے کہیں اور کرے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے مطالبہ کیا کہ اگر ہاکستان ایونٹ کی میزبانی پہلے کی طرح متحدہ عرب امارات میں کرے تو بھارت اپنی ٹیم بھیجے گا۔

واضح رہے کہ  ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں  ستمبر 2020  میں شیڈول کیے گئے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پاکستان میں تعینات جرمن سفیرمارٹن کوبلر نے ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو دیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ کرکٹ پاکستان میں لوٹتے دیکھ کرخوشی ہو رہی ہے۔

پاکستان نے رواں سال ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کا انعقاد کراچی میں کیا تھا جس میں متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز کا ملک میں کامیابی سے انعقاد کیا ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کے کئی میچز بھی پاکستان ہی میں کھیلے جاچکے ہیں۔


متعلقہ خبریں