میران شاہ میں نیشنل بینک کی پہلی اے ٹی ایم مشین نصب

فوٹو: ہم نیوز


میرانشاہ: نیشنل بینک آف پاکستان نے شمالی وزیرستان کی سب ڈویژن میرانشاہ میں پہلی اے ٹی ایم مشین نصب کر دی گئی ہے جس کا مقصد مقامی صارفین کو پیسے نکلوانے کی سہولیات میسر کرنا ہے۔

مقامی خبر رساں ایجنسی ٹی این این کے مطابق  پاکستان کے سرکاری بینک نیشنل بینک آف پاکستان کی جانب سے پہلا اے ٹی ایم میرانشاہ بازار کی ایک عمارت میں نصب کیا گیا ہے جس پر شہریوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

شہریوں نے اے ٹی ایم کی سہولت فراہم کرنے پر نیشنل بینک آف پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں بینک سے پیسوں کی ٹرانزیکشن کے لیے بنوں اور دوسرے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا۔

ایک شہری ساجد وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں بینک سے پیسے نکلوانے کے لیے بنوں جانا پڑتا تھا جس پر کافی وقت لگتا تھا۔

نیشنل بینک آف پاکستان کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلع کے دوسرے شہروں میں بھی صارفین کی سہولت کے لیے اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ دو سال قبل نیشنل بینک آف پاکستان نے پاک چین سرحد پر واقعے گلگت بلتستان کے علاقےخنجراب پر دنیا کی بلند ترین اے ٹی ایم مشین نصب کی تھی۔


متعلقہ خبریں