حکومت سمجھ گئی ہے کہ ایسے نہیں چلے گا، حمزہ شہباز



لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت کو سمجھ آگئی ہے پارلیمنٹ کی کارروائی ایسے نہیں چلے گی۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے پہلے دن کہا تھا کہ حکومت کا ساتھ دیں گے، ہم یہی کہتے رہے  ہیں کہ پارلیمانی روایات برقرار رہنی چاہئیں۔

حمزہ شہباز نے مطالبہ کیا کہ ن لیگی رہنما سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں اگر ایسے قوانین نہیں ہیں تو بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت بدلتا رہتا ہے، حکومتی ارکان کل اپوزیشن بینچوں پرہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ نیب کے قانون میں ترمیم ہونی چاہیے، اپوزیشن کیخلاف اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرکے آپ اپنا چہرہ بے نقاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب اپنی کابینہ میں بھی دائیں بائیں دیکھ لیں۔

ن لیگی رہنما نے کہ تجاوزات کے نام پرغریبوں کو بےروزگار کیا جا رہا ہے، حکومت غریب عوام کے گھر نہ گرائے، اوکاڑہ میں گھرگرانے پرشہری حرکت قلب بند ہونے سےانتقال کرگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سو دن کا رونا تو آپ نے رولیا، اس سے کچھ نہیں نکلا، مجھے ترس آتا ہے وہ دن رات بغض اور حسد کی آگ میں جل رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں