‘پاکستان نے امریکہ کی افغان طالبان سے بات کرائی’

کے پی نے ہمیں دوسری مرتبہ مینڈیٹ دیا،وزیراعظم

  • عوام حکومت پر نظر رکھے،عمران خان
  • امریکہ طالبان سے مذاکرات کے لیے پاکستان سے مدد مانگ رہا ہے، وزیراعظم

پشاور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکہ کی افغان طالبان سے بات کرائی، کے پی میں پہلی مرتبہ پبلک میٹنگ کررہا ہوں۔ اس صوبے کی عوام نے ہمیں دوسری مرتبہ مینڈیٹ دیا اس کی وجہ عوام کی زندگی بہتر بنانا ہے۔

خیبرپختون نخوا میں حکومت کی سوروزہ کارکردگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے پی محمود خان ایک ایماندار انسان ہیں۔ وزیراعظم نے کے پی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈومور کا مطالبہ کرنے والے آٓج مدد مانگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سسٹم تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی لیے ایک تعلیمی نصاب بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا ماضی میں انسانی ترقی کے لیے کوئی کام نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ملک میں امیر اور غریب کا فرق ختم ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سو روز میں  جو پالیسیاں بنی وہ سب نچلے طبقے کو مدنظر رکھتے ہویئے بنائی گئیں ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترقی کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہوتی ہے اور دنیا بھر میں ہر قوم نے سرمایہ کاری کی بنیاد پر ترقی کی۔ جب تک کاروبار میں آسانی پیدا نہیں  کی جاتی اس قت تک سرمایہ کاری نہیں آتی۔ مسئلہ یہ ہے کہ بیوروکریسی کی سوچ ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری ہونا اچھی بات نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کی بدقسمتی یہ ہے کہ ہم نے سو سال غلامی کی اورانگریز کے دور میں حکومتی پیسہ چوری کرنے کو برا نہیں سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد حکومتوں نے عوام کے بارے میں نہیں سوچا۔

عوام حکومت پر نظر رکھے،وزیراعظم

وزرا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں سب پتا معلوم ہوجائے گا کہ کون وزیر کس وقت پرآرہا ہے۔ عوام کے ایک ایک پیسے کا حساب رکھا جائے گا۔ عوام کو چاہیئے کہ حکومت پر نظر رکھے۔ دنیا میں پاکستان سب سے کم ٹیکس دینے والا ملک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آئل کمپنی ایگز ون نے پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں برداران نے 40 ارب روپیہ اشتہارات پر خرچ کیا۔

امریکہ طالبان سے مذاکرات کے لیے پاکستان سے مدد مانگ رہا ہے، وزیراعظم

وزیرارعظم  نے بتایا کہ اسلام آباد میں ساڑھے 300 ارب زمین واگزار کرائی۔ عوام کی زمین پر مافیا نے قبضہ کررکھا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان نے افغان طالبان کی بات امریکہ سے کرائی ہے۔ امریکہ طالبان سے مذاکرات کے لیے پاکستان سے مدد مانگ رہا ہے۔

پشاور خطےمیں سرمایہ کاری کا حب بن سکتا ہے،عمران خان

سیاحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور کے قلعہ حصار کو سیاحتی مقام بنائیں گے اور سیاحت کو فروغ دیں گے کیونکہ پاکستان کو سیاحت سے فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی میں اتنے سیاحتی مقامات ہیں کہ پشاور خطےمیں سرمایہ کاری کا حب بن سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے لیے اسپورٹس گراؤنڈ اورپارکس بنائیں گے اور تعلیمی نظام میں بھی تبدیلی لائیں گے۔

ان  کا کہنا تھا کہ وہ عوام سے پیسہ اکٹھا کرکے دکھائیں گے۔ مہمند ڈیم سے پشاور کو درپیش پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

انہوں نے وزرا سے کہا کہ تین ماہ میں ذمےداری سے کام کرکے دکھائیں اور پوری محنت کریں اورروزانہ اپنے دفاتر جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک خود انہوں نے تین چھٹیاں لی ہیں۔


متعلقہ خبریں