’سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والے صوبے کا پہلا حق ہے‘

تقریباً 350 ایم ایم سی ایف ڈی گیس شارٹ فال کا سامنا ہے، ایس ایس جی سی حکام

وزیراعلیٰ سندھ: آج صبح 9 بجے نیب میں پیش ہوں گے

  • سی این جی بندش، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے، اس پر اس کا پہلا حق ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے دورے پر آنے والے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے وزیراعلی سندھ کے ہمراہ اہم اجلاس میں شرکت کی۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ کراچی میں 400 صنعتی یونٹس ہیں جن میں دس لاکھ افرادی قوت کام کرتی ہے، ان یونٹس کی گیس بند ہونے سے سی این جی بند ہے یعنی ہرطرف بیروزگاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 158 کے تحت جہاں سے گیس نکلتی ہے پہلاحق اس صوبےکاہے۔

اجلاس میں او جی ڈی سی ایل، ایس ایس جی سی، ایس این جی سی اور دیگر کمپنیوں میں صوبوں کو نمائندگی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے تجویز دی کہ تمام صوبائی کمیٹیاں وزارت پیٹرولیم کی کمیٹی کے ساتھ اجلاس کریں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نےکہا کہ موجودہ گیس کی قلت پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

’14.5 فیصد سے زائد لائن لاسز اور چوری کاسامنا‘

غلام سرور خان نے دورہ کراچی کے پہلے روز ایس ایس جی سی آفس کا دورہ کیا جہاں انہیں ایس ایس جی سی حکام  نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت 14.5 فیصد سے زائد لائن لاسز اور چوری کاسامنا ہے ۔

حکام کے مطابق 900 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم موجود ہے اور تقریباً 350 شارٹ فال کا سامنا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے یقین دلایا کہ موجودہ گیس کی قلت پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صارفین کو گیس کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹرانسمیشن اور تقسیم کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ سردی کی آمد کے ساتھ ہی کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گیس کا بحران جاری ہے جس کی وجہ سے صوبے کے سی این جی اسٹیشنز کو بند کردیا گیا۔

سی این جی اسٹیشنز کو غیرمعینہ مدت کے لئے گیس کی بندش کے بعد  کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر چل رہی ہے۔

ادھر سوشل میڈیا پر بھی لوگوں کی جانب سے شہریوں سے لفٹ دینے کی اپیلیں کی جارہی ہیں۔


متعلقہ خبریں