’فیس واپس نہ کرنے والے اسکولوں کی رجسٹریشن معطل کرینگے‘

پنجاب: اسکولوں کو کھولنے کی شرائط، وزیر تعلیم نے بتا دیں

لاہور:صوبائی وزیرتعلیم مراد راس نے پرائیویٹ اسکولوں کو انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیس واپس نہ کی تو ان کی رجسٹریشن معطل کردیں گے، فیس واپسی اور ایڈجسٹمنٹ کے لیے 31 دسمبر آخری تاریخ ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پرائیوٹ اسکولز کی فیس کے مسئلہ پر نئی اتھارٹی وزارت قانون کے پاس ہے، جلد اسمبلی میں پیش کریں گے جواسکول پانچ ہزار سے زائد فیس لے رہاہےان کو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق دسمبر کی فیس سے 20 فیصد والدین کو واپس کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ گرمی کی چھٹیوں کی فیسوں میں سے پچاس فیصد آئندہ فیسوں میں ایڈجسٹ کروائیں گے۔اکتیس دسمبر فیس واپسی اور ایڈجسٹمنٹ کے لیے آخری تاریخ ہو گی، اگر کوئی اسکول ایسا نہیں کرے گا تو اس کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہر صورت عمل درآمد کرائیں گے، نئی مجوزہ اتھارٹی میں والدین حکومت اور پرائیویٹ اسکول بھی شامل ہوں گے۔ جس نجی اسکول سے اساتذہ کو تنخواہوں کی کم ادائیگی کی شکایت ملی اس کی رجسٹریشن معطل کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 31 دسمبر تک فیسوں کامعاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں والدین 03367251214 پر شکایت کر سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ نے بڑے نجی اسکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کا حکم دیا تھا جبکہ جب کہ سالانہ صرف 5 فیصد اضافے کا اختیار ہوگا۔ آٹھ فیصد تک اضافے کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کی اجازت لازم قراردے دی گئی۔

عدالت نے حکم دیا کہ تمام اسکولز گرمیوں کی چھٹیوں کی آدھی فیس واپس یا دو ماہ میں ایڈجسٹ کریں۔عدالت نے21 بڑے اسکولوں کے اکاؤنٹس تحویل میں لینے اورکھاتے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ نجی اسکولوں کوغیرضروری منافع نہیں کمانے دیں گے۔


متعلقہ خبریں