بحران ختم، سندھ میں سی این جی اسٹیشن کھول دیئے گئے



کراچی: سندھ میں سی این جی اسٹیشن کھول دیئے گئے ہیں جبکہ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی اپنی گاڑی میں این جی اسٹیشن پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں سی این جی پمپس پر گیس کی فراہمی شروع ہوتے ہی سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ شارع فیصل پر موجود سی این جی اسٹیشنز پر پریشر میں کمی کی شکایت بھی موصول ہوئیں۔

چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن شبیر سلیمان جی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ساتھ اسٹیشنز کھلنے پر پریشر کی شکایات آرہی ہیں۔ وزیر پٹرولیم کہہ چکے ہیں کہ یہ غریب آدمی کا ایندھن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے نیا شیڈول نہیں آیا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے اعلان کیا تھا کہ آج رات آٹھ بجے کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز کھول دیئے جائیں گے۔

کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ گیس کا بحران مصنوعی طور پر پیدا کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نوٹس لیا اور مجھے کراچی بھیجا کہ وہاں جا کر نمائندوں سے ملاقات کروں، میں نے یہاں آگر معاملات کا جائزہ لیا، آج رات آٹھ بجے سی این جی سیکٹر کو کھلوا کر جاؤں گا۔

غلام سرور نے کہا کہ گیس بحران کی وجہ سے نہ صرف سی این جی اور عوام بلکہ برآمدی نقصان بھی ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ  سندھ کے سسٹم میں 1280 ایم ایم سی ایف ڈی گیس آتی تھی وہ اب گھٹ کر1200 ایم ایم سی ایف ڈی ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ کی دو گیس فیلڈز کی کم ہونے والی پیداوار ایک دو دن میں بحال ہوجائے گی، چھ چھ بار حکومتوں میں آنے والوں نے کراچی کو تباہ کردیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت سندھ کے مسائل کو دیگر صوبوں کی طرح یکساں انداز میں حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی گیس کے حوالے سے اولین ترجیح گھریلو صارفین ہیں، سی این جی اسٹیشنز کی ہفتے میں تین دن لوڈشیڈنگ ضرور ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گیس بحران کی وجہ سے نہ صرف سی این جی اور عوام بلکہ برآمدی نقصان بھی ہوا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارا سی این جی ایسوسی سی ایشن کے ساتھ ایک معاہدہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے ساتھ اعتماد اور بھروسے کا نیا سفر شروع کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں