فارورڈ بلاک بننا شروع ہوگئے ہیں، فردوس نقوی

نظام درست نہ ہوا تو وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرنے میں آگے ہوں گے، فردوس شمیم نقوی

کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے دعویٰ کیا ہے کہ اومنی گروپ کے ساتھ دیگر لوگ بھی ڈوبیں گے۔ انہوں نے دعویٰ  کیا ہے کہ فارورڈ بلاک بننا شروع ہوگئے ہیں۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام  حکومت سندھ، وزارت بلدیات اور واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے خلاف منعقد ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج آدھا شہر پیاسا ہے کیونکہ صوبائی حکمران پانی دے نہیں رہے ہیں جب کہ باقی ماندہ آدھا شہر سیوریج کے پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے تباہ ہے۔

احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب پر منعقد کیا گیا۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے حکمران کراچی کو پانی دینے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکمران شہر کے لیے ایک بوند پانی کا بھی اضافہ نہیں کرسکے۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران کہتے ہیں کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں تو سوال یہ ہے کہ گیارہ سال ان کی حکومت رہی ہے تو پیسے کہاں گئے؟

ہم نیوز کے مطابق احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گیس کی فراہمی بند ہوئی تو ہم جوابدہ تھے اورہم نے یہ ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے مسئلہ بھی حل کرایا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بالکل اسی طرح پانی کی عدم فراہمی کے ذمہ دار صوبائی حکمران ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم میرٹ پر چل رہے ہیں اوریہ بھی بتادیں کہ ہم اصول نہیں توڑیں گے۔

حکومت سندھ پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رونا رونے والے سندھ اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی تشکیل کیوں نہیں کرتے ہیں؟


متعلقہ خبریں