کشمیر میں بھارتی مظالم پر او آئی سی کی مذمت

فائل فوٹو


جدہ: مسلم ممالک کی تنظیم( او آئی سی) نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

او آئی سی  نے کشمیر میں ہوئی حالیہ شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کی جائیں۔

انسانی حقوق کے مستقل آزاد کمیشن اور او آئی سی کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی کمیٹی کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتی ہے۔

او آئی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے پر امن کشمیریوں پر طاقت کا استعمال انسانی حقوق، آزادی اظہار رائے، جینے کا حق اور پر امن احتجاج کے حق کی خلاف ورزی ہے۔

پاک فوج فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ غیر مسلح بہادر حریت پسندوں کو نہیں دبایا جا سکتا، بھارتی فوج پیشہ وارانہ اقدار کی قدر کرے۔

انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ
ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھی قابل مذمت عمل ہے

دوسری جانب کشمیر میں جاری بھارتی فوج کے مظالم پر بھارت میں بھی آوازیں اٹھنے لگیں ہیں۔

بھارتی سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ مار کنڈے کاٹجو نے پلوامہ سانحے کو جلیانوالہ باغ اور ویتنام کے قتل عام سے تشبیہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کو مبارکباد جن کے سپاہیوں نے پلوامہ میں بے گناہوں کا قتل عام کیا۔

سابق جج نے بھارتی آرمی چیف پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ واہ جرنل کیا بہادر فوج ہے۔

میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک گرفتار

دوسری جانب بھارتی فوج نے میر واعظ عمر فاروق اور حریت رہنما یاسین ملک کو گرفتار کرلیا ہے۔ یاسین ملک بھارتی فوج کی پر تشدد کارروائیوں کے خلاف پر امن مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے مظاہرین کے ساتھ بادامی باغ کی جانب مارچ کررہے تھے۔

قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔ پلوامہ شہادتوں کے خلاف ہڑتال تیسرے روز بھی جاری ہے اور تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔

قابض فوج نے مارچ کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں، سڑکوں پر ٹریفک بھی معطل ہے اور حالات خراب ہونے کے باعث اکثر یونیورسٹیوں میں امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

پاکستان نے بھی پلوامہ میں ہوئی شہادتوں پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا بھارتی فوج کا واحد مقصد قتل عام کرنا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، سیکریٹری جنرل او آئی سی اور انسانی حقوق کے کمشنر کو کل کی صورتحال کے حوالے سے لکھا ہے اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بات کی ہے کہ کانٹیکٹ گروپ کا اجلاس طلب کیا جائے۔


متعلقہ خبریں