پاکستان کا روشن چہرہ بننے والے کچھ کردار

فوٹو: فائل


سال 2018 تاریخ میں کچھ ناقابل فراموش واقعات کے انمٹ نقوش چھوڑ کر رخصت ہونے کو ہے۔ رواں سال ایک طرف الیکشن کی گہما گہمی، وزیراعظم کی شادی اور جسٹس فار زینب جیسے بڑے واقعات قومی افک پر نمایاں رہے تو دوسری طرف کچھ باہمت لوگوں نے اپنی جدوجہد کے سبب نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔

آئیے آج سال 2018 میں سامنے آنے والے کچھ معروف ناموں سے ملیں جنہوں نے مستقل جدوجہد سے کامیابی سمیٹ کر اپنے نام کی۔

پاکستان کے پہلے نابینا جج

پنجاب یونیورسٹی کے ایل ایل بی (آنرز) کے گولڈ میڈلسٹ یوسف سلیم پاکستان کی تاریخ کے پہلے نابینا جج مقرر ہوئے۔

سلیم یوسف نے عدلیہ کے تحریری امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم انہیں نابینا ہونے کی بنا پر انٹرویو میں فیل قرار دے دیا گیا۔

یوسف سلیم ہر لحاظ سے سول جج کے لیے موزوں امیدوار تھے جبکہ قانون کے مطابق بھی معذور افراد کے لیے تین فی صد کوٹہ مختص ہے۔

یوسف سلیم نے مسترد کیے جانے کے باوجود امید کا دامن نہیں چھوڑا اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی،  چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ان کی نااہلی کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ اور متعلقہ سلیکشن کمیٹی کو دوبارہ انٹرویو لینے کی ہدایات کی تھیں۔

بوسٹن میں پاکستانی طلبا کا اعزاز

رواں سال نومبر میں پاکستانی طلبا نے امریکی شہر بوسٹن میں جاری انجینئرڈ مشینوں کے بین الاقوامی مقابلوں (آئی جی ای ایم) میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

عالمی مقابلے میں 300 سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا تھا جس میں ہاورڈ اور آکسفورڈ یونیورسٹیوں کے طلبا بھی شامل تھے۔

پاکستان کی پہلی ٹرک ڈرائیور خاتون

پاکستانی شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی راولپنڈی میں رہائش پذیر باہمت خاتون شمیم اختر پاکستان میں تجارتی مال برداری کے لیے ٹرک چلانے والی پہلی خاتون ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں شمیم اختر کہتی ہیں کہ کوئی بھی کام مشکل نہیں ہوتا، بات صرف لگن، وقت کی پابندی اور محنت کی ہوتی ہے۔ خواتین میں وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جن کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ بڑے سے بڑا کام بھی کر سکتی ہیں۔

آزادکشمیر سے پہلی خاتون پائلٹ

آزاد کشمیر سے پہلی خاتون پائلٹ مریم مجتبیٰ پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ہوئیں، انہیں قومی ایئرلائن نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پیج پر ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے متعارف کرایا تھا۔

یاسر شاہ کی 82 سالہ پرانے ریکارڈ پر حکمرانی

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا 82 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

آسٹریلیا کے بالر کلیری گریمٹ نے 1936 میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، اس کے بعد کوئی بھی بالر یہ اعزاز اپنے نام نہیں کر سکا تھا۔

اسپین کے سلطان نے ابوظہبی میں نیوزی لینڈ کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔

وزیر اعظم عمران خان سمیت کئی سیاسی اور عوامی شخصیات نے یاسر شاہ کو مبارکباد کے پیغام بھجوائے۔

پہلی خواجہ سرا اینکر

نجی ٹی وی چینل کوہنور نیوز نے ماریہ ملک نامی ایک خواجہ سرا کو نیوز کاسٹر کے طور پر متعارف کرایا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ٹی وی چینل کے اس اقدام کو کافی سراہا گیا۔

نیوز کاسٹر کے طور پر پہلی بار سامنے آنے والی ماریہ ملک اس سے قبل ماڈلنگ کے شعبے میں بھی اپنا آپ منوا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ مردم شماری کے مطابق ملک میں خواجہ سراؤں کی کُل تعداد 10 ہزار چار سو اٹھارہ ہے۔

فخرزمان کے تیز ترین 1,000 رنز

پاکستانی اوپنر بلے باز فخرزمان نے رواں سال زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں تیزترین ایک ہزار رنز مکمل کر کے ویسٹ انڈیز کے سر ویوین رچرڈز کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

سر ویوین رچرڈسن نے 21 جبکہ فخرزمان نے صرف 18 میچوں میں یہ سنگ میل عبور کیا۔


متعلقہ خبریں