اسپتال کے ایم ایس نے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا، ڈاکٹر اریبہ عباسی

فوٹو: فائل


راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں تعینات مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی بیٹی ڈاکٹر اریبہ کا کہنا ہے کہ اسپتال کے ایم ایس نے چارج سنبھالتے ہی حنیف عباسی کی بیٹی ہونے پر مجھے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔

ڈاکٹر اریبہ عباسی کا کہنا تھا کہ میں نے ایم ایس بے نظیر ہپستال کے رویے کے باعث استعفی دیا، مجھے شعبہ جلد سے ہٹا کر ایمرجنسی میں بھیج کر انتقامی کارروائی کی گئی۔

حنیف عباسی کی صاحبزادی نے موقف اختیار کیا کہ ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی کے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے تعلقات ہیں۔

‘میں نے کوئی انتقامی کاروائی نہیں کی’

دوسری جانب  بے نظیر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طارق مسعود نیازی کا کہنا ہے کہ میں نے کوئی انتقامی کاروائی نہیں کی، ایمرجنسی میں ضرورت پڑھنے پر شعبہ جلد کے ہیڈ سے کچھ ڈاکٹرز کے نام مانگے جس پر شعبہ جلد کے سربراہ نے اریبہ عباسی کا نام دیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر اریبہ عباسی کا رواں ماہ 4 دسمبر کو اسکن ڈپارٹمنٹ سے ایمرجنسی میں تبادلہ کیا گیا تھا۔

اس معاملے پر وزیر قانون پنجاب راجا بشارت اور ایم ایس ڈاکٹر طارق نیازی کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو منظرعام پر آئی جس میں راجہ بشارت ایم ایس سے سفارش کر رہے ہیں کہ انہیں واپس اسکن ڈپارٹمنٹ میں تعینات کیا جائے۔

مبینہ آڈیو میں سفارش نہ ماننے پر وزیر قانون نے دھمکی دی کہ اگر ڈاکٹر اریبہ کا تبادلہ واپس نہیں لیا گیا تو ایم ایس بھی اپنے عہدے پر نہیں رہیں گے۔


متعلقہ خبریں