پاکستان، مصر دفاعی اور انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر متفق

پاکستان، مصر دفاعی اور انٹیلی جنس تعاون بڑھانے پر متفق | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز


راولپنڈی: پاکستان اور مصر کی عسکری قیادت نے دفاعی، انٹیلی جنس اور تربیت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے خبر دی ہے کہ فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ مصر کے دورے پر ہیں جہاں اہم ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

آرمی چیف نے مصری افواج کے سربراہ جنرل محمد زکی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ دورہ مصر کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے  وزیردفاع لیفٹیننٹ جنرل محمد فرید ہگازے سے بھی ملاقات کی ہے۔

مصری عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں میں اہم امور اور دفاعی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی خبر کے مطابق پاکستان اور مصر کی عسکری قیادت نے علاقائی امن و ستحکام میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مصری افواج کے سربراہ نے دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی کاوشوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الازہر یونیورسٹی کے شیخ احمد الطیب سے بھی ملاقات کی۔ شیخ احمد الطیب نے مذہبی انتہا پسندی کے خلاف پیغام پاکستان فتویٰ کو بھی سراہا اور انسداد دہشت گردی کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔

شیخ احمد الطیب نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے، اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نہیں جوڑنا چاہئے۔

ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوجوانان اسلام کو جدت، رواداری اور سائنس و ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ ماہ دسمبر کے آغاز میں پاکستان میں  مصر کے سفیر احمد محمد فیدل یعقوب نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ملاقات جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں