ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آن لائن فراڈ، چار ملزم گرفتار


کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے آن لائن فراڈ میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جو اب تک 10 ہزار شہریوں کو لوٹ چکے تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم عبدالغفار نے بتایا کہ ملزم آن لائن مارکیٹنگ کے ذریعے شہریوں کو چونا لگاتے تھے۔

حکام کے مطابق سائبر کرائم سیل نے مختلف علاقوں سے ملزموں کو گرفتارکیا، تفتیش کے دوران 11 ہزار متاثرین کا کال ڈیٹا بھی ملزمان کے سامان سے برآمد ہوا۔

ڈپٹی ڈائریکٹرسائبر کرائم سرکل کے مطابق ملزم اب تک 10 ہزار سے زائد شہریوں کو لوٹ چکے ہیں، ملزم شہریوں سے 1.65 کروڑ ڈالر ہتھیا چکے ہیں۔

ملزموں کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز، الیکٹرانک کرنسی اکاؤنٹس، ڈیبیٹ کارڈز، غیر ملکی کرنسی اور سمز برآمدہوئی ہیں۔

عبدالغفار نے بتایا کہ کراچی سے آپریٹ ہونے والی ویب سائٹ اور ڈومین کی بھی نشاندہی ہوئی، ملزم اطالوی کمپنی کے نام پر شہریوں کو بے وقوف بناتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو جھانسہ دینے کیلئے جعلی ویب سائٹ بھی قائم کر رکھی تھی، ملزم ملٹی لیول مارکیٹ کے اصول پر شہریوں کو اس میں شامل کررہےتھے۔


متعلقہ خبریں