نامور اداکار علی اعجاز انتقال کر گئے



لاہور: پاکستان کے نامور اسٹیج اور ٹی وی اداکار علی اعجاز 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ اداکار کو حرکت قلب بند ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

1967 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے اعلی اعجاز نے 128 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 2015 میں انہوں نے اپنے نام سے ایک فلاحی تنظیم کی بنیاد بھی رکھی تھی۔ علی اعجاز نےسوگواروں میں بیوہ اور2 بیٹے چھوڑے ہیں۔

مرحوم کی نماز جنازہ  بعد نماز عصر ایوبیہ گراونڈ مسلم ٹاون لاہور میں ادا کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اداکار کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی اعجاز کی موت سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کا درخشاں باب بند ہوگیا۔

وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فواد حسین نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ آج  پاکستان ایک ورسٹائل فنکار سے محروم ہو گیا، فن کی دنیا میں انکی کمی ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ علی اعجاز وہ باصلاحیت فنکار تھے جنہوں نے مزاحیہ اور سنجیدہ کردار انتہائی خوبصورتی سے نبھائے، انہوں نے مزاح کو ایک نیا رنگ دیا، جب ٹریجڈی کردار کئے تو سالہا سال گزرنے کے بعد بھی لوگ ان کو بھول نہ پائے۔

وفاقی وزیر نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی فلم، ریڈیو، ٹی وی اوراسٹیج کے نامور اداکار علی اعجاز کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ علی اعجازایک بلند پایہ اداکار ہونے کے ساتھ ایک نفیس انسان تھے، اداکار نے نے اپنی اداکاری سے کئی عرصے تک مداحوں کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا، مرحوم کی اداکاری جوہر کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔


متعلقہ خبریں