پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم، آج سے سمارٹ کارڈ چلے گا


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کےلیے سمارٹ کارڈ ز کا اجرا کیا ہے، اب پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن پرکارڈ جاری ہوگا۔

لاہور میں ڈیٹا ایمبیڈڈ کارڈ کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ کارڈ رجسٹریشن سے جعل سازی کا خاتمہ ہو گا،  شہریوں کورجسٹریشن بک اٹھانےکی زحمت نہیں کرنی پڑے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کو مزید مضبوط کریں گے اور کارڈ کا دائرہ کار پورے پنجاب میں پھیلائیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے اسمارٹ کارڈ کے اجرا کر دیا ہے  جس کے بعد  شہریوں کو گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے محکمہ ایکسائز کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

اسمارٹ کارڈ کی فیس 530 روپے وصول کی جائے گی جبکہ کارڈ کورئیر کے ذریعے متعلقہ ایڈریس پر بھجوایا جائے گا۔

اس سے قبل گاڑیوں کی رجسٹریشن محکمہ ایکسائز کے دفتر سے جاری کی جاتی تھیں۔ جس میں موٹرسائیکل کی بک  300 جبکہ گاڑی کی 500 روپے میں دی جاتی تھی۔ اب دونوں کی یکساں 530 روپے فیس وصول کی جائے گی۔

ایکسائز حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ کارڈ تیار کرنے والی مشین ڈی جی ایکسائز آفس میں رکھی گئی ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر 20ہزار سمارٹ کارڈ تیار کیے جاسکتے ہیں،  پرانی رجسٹریشن بکس تبدیل کرنے کے خواہش مند شہری بھی فیس جمع کراکے سمارٹ کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔

کارڈ پر شہری کا نام، ولدیت، گھر کا پتہ،  گاڑی کا ماڈل نمبر اور گاڑی کے رنگ سمیت تمام تفصیلات درج ہوں گی، اسمارٹ کارڈ پاسپورٹ سائز کا ہے جو شہری با آسانی اپنی جیب یا بٹوے میں باآسانی رکھ سکیں گے۔

کارڈ گم ہو جانے کی کی صورت میں 530 روپے ادا کرکے نیا سمارٹ کارڈ وصول کیا جاسکے گا۔


متعلقہ خبریں