پاکستان ہمیشہ کے لیے بدلنے والا ہے، وزیراعظم عمران خان

پنجاب میں ہفتہ وار چھٹی ختم | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ہمیشہ کے لیے بدلنے والا ہے، ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق وہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی سے اپنے دفتر میں بات چیت کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں قدرتی وسائل سے مالامال کیا ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں ملک کی ترقی اور وسائل کو بروئے کار لانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے پر عزم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے نظریے پر 2018  کے الیکشن میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشااللہ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے وزیراعظم کے دفتر میں سینیئرافسر کی زیرنگرانی پبلک افیئرز ونگ کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو صوبوں سے بھی مستقل رابطے میں ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان سے اراکین قومی اسمبلی کی ہونے والی ملاقات میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پراراکین قومی اسمبلی کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جوعوامی مسائل کا مقامی قیادت کی مشاورت اور صوبائی حکومت کے تعاون سے حل یقینی بنائے گی۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں جنوبی پنجاب میں انتظامی خودمختاری کے امور کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے اپنے روڈ میپ کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔

اراکین قومی اسمبلی دوران ملاقات کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی مخلص اور دیانت دار قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے اور وہاں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کرنے کے لیے جو وژن وزیراعظم نے دیا ہے وہ پہلے کسی حکمران یا حکومت نے نہیں دیا۔

پی ٹی آئی کے ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے اس پر وزیراعظم عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

ہم نیوز کے مطابق اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کے عوامی مسائل،جنگلات و زراعت کی ترقی اور فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں شیریں مزاری، زرتاج گل ، محمد شبیر علی قریشی ، مخدوم باسط بخاری ، عامر طلال گوپنگ، عبدالمجید خان نیازی ، نیاز احمد جکھڑ، خواجہ شیراز محمود ، محمد امجد فاروق خان کھوسہ ، سردار محمد خان لغاری ، سردار محمد جعفر خان لغاری ، سردار نصراللہ خان دریشک اور سردار ریاض محمود خان مزاری شامل تھے۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں