فروری کے دوسرے ہفتے بسنت منائیں گے، فیاض الحسن چوہان


لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرآئندہ سال فروری میں بسنت کا تہوار پورے ثقافتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بسنت بنیادی طور پر لاہور کا ایک اپنا کلچر ہے، جس میں اربوں روپوں کی تجارت ہوتی ہے اس لیے یہ تہوار منایا جانا چاہئیے، بسنت تہوار میں کیمیل ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ  وزیر اعلیٰ پنجاب نے بسنت کے حوالے سے تجاویز مانگی ہیں، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سال فروری میں بسنت تہوار منانے کے لیے تیاریاں کی جائیں، بسنت ایک ثقافتی تہوار ہے جس میں معاشی ، معاشرتی اور ثقافتی سرگرمیاں ہوتی ہیں اور بسنت کا کسی مذہب یا اخلاقیات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اصولی فیصلہ ہوا ہے کہ اس بار سردار عثمان بزدار کی قیادت میں لاہور کا یہ تاریخی ثقافتی میلہ منعقد کیا جائے گا اور فروری کے دوسرے ہفتے کو ہم بسنت فسٹیول منائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بسنت تہوار میں کیمیل ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہو گی، اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ایک ہفتے کے اندر اپنی تجاویز تیار کرکے رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش کرے گی اس کے بعد وزیر اعلیٰ حتمی فیصلہ کریں گے کہ بسنت میلہ کس انداز سے منعقد کیا جائے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا کہ کمیٹی کی سربراہی وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کریں گے اور دیگر افراد میں ثقافتی وزیر پنجاب، ایڈِشنل چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب، ڈی سی پنجاب ، سول سو سائٹی کے نمائندے اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی تجاویز دے گی کہ بسنت میلے کے جو منفی پہلو ہیں ان سے کس طرح بچا جا سکتا ہے ، یہ بات طے ہے کہ اس بار لاہور کی عوام اپنا تاریخی ثقافتی تہوار لازمی منائے گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے برٹش ایئر لائن کی جانب سے پاکستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کے اعلان پر پاکستان کے عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ برٹش ایئر لائنز نے کئی سالوں بعد پاکستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے جس سے پاکستان کے سافٹ امیج کی بنیاد پڑ رہی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پچھلے بیس برس سے کہہ رہے تھے کہ جب کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو پورے پاکستان میں سبز پاسپورٹ کی عزت ہو گی،آج اس کی ابتداء برٹش ایئر لائن نے کر دی۔

انہوں نے کہا کہ برٹش ایئر ویز کی بحالی کے لیے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری اور وفاقی حکومت کی کافی بھاگ دوڑ شامل ہے اور ان کی کوشش کا نتیجہ ہے،پاکستان کا بہتر اور سافٹ امیج ہر آنے والے دن میں ابھر کر سامنے آئے گا۔

مسلم لیگ ن کے سنیٹر مشاہد اللہ خان کے سینیٹ میں بیان پر اپنے رد عمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اندھے اور بہرے کو بھی پتہ ہے کہ پچھلے پانچ سال کے اندر بلین ٹری سونامی مہم کے تحت پاکستان کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پہلی بار کو شش کی گئی یہ عمران خان کی سوچ اور تخلیق تھی اور یہ حقیقت ہے کہ اس منصوبے کو عالمی سطح پر پزیرائی ملی ، تمام عالمی اداروں بشمول اقوام متحدہ اور پرائیویٹ اداروں نے سب نے بلین ٹری منصوبے کو سراہا کہ اس سے قبل کسی وزیر اعظم نے ایسا نہیں سوچا۔


متعلقہ خبریں