احسان مانی نے صحافیوں کو بلا کر’پریس ریلیز‘ تھمادی

قومی کرکٹ ٹیم آئندہ برس آئر لینڈ اور ندرلینڈز کے خلاف سیریز کھیلے گی

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: ڈومیسٹک اسٹرکچر میں تبدیلی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے لئے درد سر بن گئی ہے۔ گورننگ بورڈ  کے اجلاس میں ہونے والی گرما گرم بحث کے بعد احسان مانی نے صحافیوں کا سامنا کرنے سے گریز کیا اور بریفنگ کے لیے بلائے گئے صحافیوں کو پریس ریلیز کا ’لالی پاپ‘ تھما دیا۔

ہم نیوز کے مطابق منگل کے دن چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کی زیر صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ کا اجلاس سات گھنٹے دس منٹ تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، چیف فنانس آفیسر بدر خان اور لیگل ڈیپارٹمنٹ نے بریفنگ دی جب کہ فاٹا ریجن کی نمائندگی کبیر خان اورلاہور ریجن کی نمائندگی شہروز روکڑی  نے کی۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں کوئٹہ ریجن کے الیکشن کے باعث کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا جب کہ خان ریسرچ لیبارٹری کی نمائندگی ایاز بٹ نے کی۔ سوئی سدرن گیس کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) جاوید ضیا نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈومیسٹک اسٹرکچر میں تبدیلی کے حوالے سے مختلف موضوعات پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ممبران کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔

اجلاس کے بعد چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے صحافیوں کا سامنا کرنے سے گریز کیا حالانکہ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو باقاعدہ بریفنگ دینے کے لیے بلایا گیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے طویل انتظار کی زحمت بھی اٹھائی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اجلاس میں ہونے والی گرما گرم بحث کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو پریس ریلیز کا ’لالی پاپ‘ تھما دیا۔ صحافیوں نے اس طرز عمل کا برا منایا کیونکہ ان کا مؤقف تھا کہ اگر صرف پریس ریلیز ہی دینا تھی تو بلانے کی کیا ضرورت تھی؟

ذرائع ابلاغ کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دینے کے لیے پی سی بی کی جانب سے کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں