حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن کاوشیں کر رہی ہے، صدر عارف علوی



اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اچھے معاشروں میں بچوں کی تعلیم و تربیت اہمیت رکھتی ہے، حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن کاوشیں کر رہی ہے۔

حسن ابدال میں کیڈٹ کالج میں منقعدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کیڈٹ کالج حسن ابدال میں طلباء کیلئے سہولتیں دیکھ کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ معاشرے کے تمام طبقات کی ذمہ داری ہے، ایمان ، اتحاد اور تنظیم بحیثیت قوم ہمارے لیے کامیابی کے اصول ہیں۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ماضی میں تعلیم ایک مشن کی حیثیت رکھتی تھی، طلباء محنت کر کے تمام شعبوں میں آگے بڑھیں۔

انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ بچوں کو صبر و تحمل اور افہام و تفہیم کی تربیت بھی دیں اور نوجوان اپنی بھر پور صلاحیتوں سے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ثابت کریں کہ ہم محنتی قوم ہیں اور عالمی برادری میں عظمت بحال کریں۔

خواتین کے حقوق سے متعلق بات کرتے ہوئے صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ  نبی ﷺنے خواتین کو جو حقوق دئیے ہم انہیں یقینی بنائیں گے ، وراثت میں خواتین کو حقوق دے کر ہی برابر کا شہری بنایا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں