کرپشن کبھی میرے قریب سے بھی نہیں گزری، نواز شریف



اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ میں نے کوئی کک بیک لیا نہ ہی کرپشن میرے قریب سے گزری۔

احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ یکجہتی کا اظہار کرنے پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ کیس کی سماعتوں کے دوران خواتین کارکن بھی بڑی تعداد  میں میری سپورٹ میں حاضر ہوتی رہی ہیں، میڈیا نے ذمہ دارنہ رپورٹنگ کرتے ہوئے حقائق قوم تک پہنچائے۔

جو ہم پر گزری سو گزری اے شب ہجراں

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج میری 78 ویں پیشی تھی، مریم نواز بھی پیش ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں 35 سال سے عوام کی خدمت کر رہا ہوں، دو بار وزیر اعلیٰ  اور تین بار وزیر اعظم رہا۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران فیض احمد فیض کا شعر بھی پڑھا،  جو ہم پر گزری سو گزری اے شب ہجراں، ہمارے اشک تیری عاقبت سنوار چلے، انہوں نے کہا کہ  خلوص نیت سے 22کروڑ عوام کی خدمت کی لیکن بعض چیزوں پر بہت تکلیف ہوئی۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں سی پیک لائے اور معیشت کا پہیہ چلایا، ہمارے دور حکومت میں امن قائم ہوا، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور اس ملک کو ایٹمی طاقت بنایا لیکن اب ہمارے ہی خلاف کارروائیاں ہو رہی ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ آپ انصاف والا فیصلہ کریں گے، نواز شریف

اس سے قبل احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد نواز شریف روسٹرم پر آئے اور جج کو مخاطب کر کے بیان دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ رجسٹرار آفس سے حاصل کردہ ریکارڈ کے مطابق اس عدالت میں 78 مرتبہ پیش ہوا، اس سے قبل احتساب عدالت نمبر ایک میں بھی 87 پیشیاں ہوئیں، کل 165 مرتبہ عدالت آیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں کبھی کرپشن کے قریب بھی نہیں گیا،  کِک بیکس کی وصولی یا اختیارات کے غلط استعمال کا کبھی کوئی الزام نہیں لگا، سمجھ نہیں آتا کہ یہ سلوک کیوں کیا جا رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ یہ مفروضوں، قیاس آرائیوں اور اندازوں پر مبنی کارروائیاں ہیں اور اگر اس طرح عدالتی کارروائی ہونی ہے تو پوری قوم اور سب سے بڑھ کر اللہ بھی دیکھ رہا ہے۔

انہوں نے جج کو مخاطب کر کے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ انصاف والا فیصلہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں