ملک کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہےگی، محکمہ موسمیات

فائل فوٹو


اسلام آباد: موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

ماہرین موسمیات کے مطابق  شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقراررہے گی اور پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں اور پشاور ڈویژن میں رات اور صبح  کے اوقات میں بعض مقامات پر شدید دھند اور بعض مقامات پر ہلکی دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج صبح ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 02 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

بلوچستان کے کچھ علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا، آج صبح کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 03 جب کہ قلات میں منفی 04 ریکارڈ کیا گیا۔

گلگت بلتستان کے علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، اسکردو میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ریکارڈ کیا گیا۔

کشمیر، خیبرپختونخوا، سندھ اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں ٹھنڈ اور خشکی جاری رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد جبکہ دیگر علاقوں میں سرد اور خشک رہا۔ پنجاب کے بعض وسطی اور جنوبی علاقوں میں دھند پڑی۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11 ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں