متحدہ عرب امارات میں مذاکرات کے بعد زلمے خلیل زاد کابل پہنچ گئے

امریکہ قیدیوں کے تبادلے کی بات پر قائم ہے، زلمے خلیل زاد

فوٹو: فائل


کابل: امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان و افغانستان زلمے خلیل زاد  متحدہ عرب امارات میں مذاکرات کے بعد کابل پہنچ گئے جہاں وہ اعلیٰ افغان حکام سے ملاقات کریں گے۔

افغان میڈیا کے مطابق امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد آج رات افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں مذاکرات کے حوالے سے حالیہ پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق زلمے خلیل زاد کابل میں افغان حکام کو حالیہ بات چیت سے متعلق آگاہ کریں گے۔

گزشتہ روز  زلمے خلیل زاد پاکستان آئے تھے جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں شخصیات کے درمیان اہم امور پر تبدالہ خیال کیا گیا جبکہ آرمی چیف نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کے پاکستان افغان امن عمل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ  افغانستان میں پائیدار امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے رواں ہفتہ متحدہ عرب امارات میں مذاکرات ہوئے جس میں امریکی حکام اور افغان طالبان، پاکستان، سعودی عرب اور میزبان ملک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مذاکرات میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا اور ممکنہ جنگ بندی پر بات چیت کی گئی تاہم مذاکرات کی مزید تفصیل سامنے نہیں آئی۔


متعلقہ خبریں