ترک وزیردفاع کی وزیراعظم  اور آرمی چیف سے الگ الگ ملاقاتیں


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاکستانی قوم کے دل میں ترک صدر رجیب طیب اردوان کے لیے احترام و عزت ہے۔

یہ بات انہوں نے ترکی کے وزیردفاع  ہلوسی اکرسے وزیراعظم آفس میں ملاقات کے دوران کہی جبکہ اس موقع پر  وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود تھے۔

ترکی کے وزیردفاع  ہلوسی اکر نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم ترک صدر کے دور میں ترکی میں ہونے والی سماجی اور معاشی ترقی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے پاک ترک تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی  اور تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

ترکی کے وزیردفاع  ہلوسی اکرنے عمران خان کو ترک صدر کا خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترک قیادت پاکستان کے ساتھ مزید مستحکم تعلقات کی خواہاں ہے۔

ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔


متعلقہ خبریں