بسنت منانے کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری

بسنت منانے کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت منانے کے خلاف درخواست کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے صوبائی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ میں صوبائی حکومت کے فیصلے کیخلاف صفدر شاہین پیرزادہ ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ بسنت خونی کھیل کی شکل اختیار کر گیا تھا جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی تھی۔ کوئی بھی ایسی تفریح جو انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنے،اس کی اجازت دینا خلاف آئین ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بسنت جیسے خونی کھیل کی اجازت دے رہی ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا تھا کہ ڈور پھرنے کے واقعات سے بے شمار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ پتنگ بازی کی وجہ سے اربوں روپے کی قومی املاک کا نقصان ہوا۔ عدالت حکومت کی جانب سے بسنت کی اجازت دینے کا اقدام کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ حکومت پنجاب نے 12 سال بعد بسنت منانے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت کے فیصلے کے تحت فروری کے دوسرے ہفتے میں بسنت فیسٹول منایا جائے گا۔

ہم نیوز کے مطابق بسنت کے تہوار پرعائد پابندی ختم کرنے اور اس کے طور طریقے طے کرنے کے لیے باقاعدہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں