لاہور: ہیلمٹ نہ پہننے پر ای چالان کے فیصلے پر عملدرآمد کل سے شروع

لاہور کے شہری ہوشیار، ہیلمٹ نہ پہننے پر ای چالان کی پرچی گھر آئے گی – فائل فوٹو


لاہور: محض سگنل توڑنے اور ون وے کی خلاف ورزی پر ہی نہیں بلکہ موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر بھی ای چالان جاری کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے جس پر عملدرآمد کل سے شروع ہو گا۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور کے شہریوں کو ہوشیار کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ اب ہیلمٹ نہ پہننے پر ای چالان کی پرچی گھر کے دروازے پر دستک دے گی۔

اس سلسلے میں شہر بھر میں نوے مقامات پر کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کی مدد سے یہ کام سرانجام دیا جائے گا۔

سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق آئندہ سال موٹر وہیکل آرڈیننس کے تمام کوڈز پر الیکٹرانک چالاننگ کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

اسی مناسبت سے بات کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر(سی ٹی او)لاہور کیپٹن(ر) لیاقت ملک کا کہنا تھا کہ تمام شقوں پر ای چالان شروع کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی مدد کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں تھا۔ اگر لوگ مستقبل میں بھی ایسے ہی ساتھ دیں گے تو ہم لاہور کی شاہراہیں مزید محفوط بنا سکتے ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ محفوظ سفر کے لیے شہریوں نے کیمروں کے ذریعے چالان کرنے کے اقدام کو بے حد سراہا ہے۔

ہم نیوز کو موصول اطلاعات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے جس میں اب تک چار لاکھ پچپن ہزار آٹھ سو چوبیس چالان کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں