پی ایس ایل میڈیا رائٹس تقریباً چار گنا زیادہ قیمت پر فروخت

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ سال 14 فروری کو دبئی میں ہوگا—فائل فوٹو۔


اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ تین ایڈیشن کے میڈیا رائٹس ’بلٹس ایڈورٹائزنگ اور ٹیک فرنٹ‘ کو فروخت کر دیئے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ایس ایل 2019 سے 2021 تک کے ایڈیشن کے میڈیا رائٹس بلٹس ایڈورٹائزنگ اور ٹیک فرنٹ کے پاس ہوں گے  جبکہ ان سے طے پائے جانے والے معاہدے کی مالیت کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق میڈیا رائٹس گزشتہ تین سالہ معاہدوں کے مقابلے میں 358 فیصد زیادہ ہے جب کہ مقامی اور غیرملکی وہ ٹی وی چینلز جو پی ایس ایل 2019 کا ایڈیشن دکھائیں گے ان کے حوالے سے معاملات جلد طے پاجائیں گے۔

بلٹس ایڈورٹائزنگ پاکستان کی سب سے بڑی کمیونی کیشن گروپ سروس ہے جو ملک بھر میں موجود ہونے کے ساتھ میڈیا کی نمائندگی کرتا ہے جب کہ ٹیک فرنٹ متحدہ عرب امارات کے گلوبل اسپورٹس کامرس سے وابستہ ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میڈیا رائٹس اور لائیو اسٹریمنگ رائٹس کے حوالے سے ہم اپنے اہداف کے حصول میں کامیاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ سال 14 فروری کو دبئی میں ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے میگا ٹورنامنٹ کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے۔

شیڈول کے مطابق آٹھ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، سیزن فور کے تین میچز لاہور جبکہ پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں