میت پر سیاست فواد چوہدری ہی کر سکتے ہیں، مریم اورنگزیب

ن لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ میت پر سیاست فواد چوہدری ہی کرسکتے ہیں، اپنی جان سے چلے جانے والے شخص کے بارے میں اس طرح کا بیان بیمار ذہنیت اور بے حسی کی انتہا ہے۔

ن لیگی ترجمان نے فواد چوہدری کے ٹویٹ پر رد عمل دیا ہے کہ مجرمانہ رویہ سامنے آنے  پر نیب نے شہبازشریف کی طبی معائینے کی درخواست کو پر لگادئیے ہیں ورنہ 22 نومبر سے اب تک متعدد درخواستیں کی گئیں، لیکن نیب حکام کے کان پر جوں نہ رینگی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب میڈیا میں میاں جاوید کے جاں بحق ہونے پر ہونے والی عوامی تنقید سے بچنے کے لئے پھرتی دکھائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کو کسی فرد کے سماجی مرتبے،عزت، بیماری اور جان سے کوئی دلچسپی نہیں۔

ن لیگی ترجمان نے کہا ہے کہ  شہبازشریف کی صحت سے متعلق 9 سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر مجرمانہ تاخیر برتی گئی اور نیب کی جانب سے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ دینے میں دانستہ لیت لعل برتا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  یہ رویہ ایک کینسر سے شفا یاب ہونے والے مریض کے بارے میں برتا جارہا ہے،  کینسر کی علامات کی نشاندہی کے باوجود ایک مریض کو علاج اور میڈیکل رپورٹس سے دور رکھنے کا مطلب اس کی جان لینے کے سوا اور کیا سمجھا جائے؟

مریم اورنگزیب نے کہا کہ میاں جاوید کی ہتھکڑی لگی میت کا تازہ ترین سانحہ اس خدشے کا منہ بولتا ثبوت ہے، شہباز شریف کینسر سروائیور ہیں، ہر مرحلے پر ان کی میڈیکل رپورٹس دینے میں جان بوجھ کرتاخیر کی گئی حالانکہ انہیں بار بار معاملے کی سنگینی کے بارے میں یاد دلایا گیا۔

ن لیگی ترجمان نے سوال اٹھایا کہ  دو سےاڑھائی ہفتے کی اس تاخیر کا جواب کون دے گا؟

مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان صاحب دو پیشیوں پر اپنے  وکیل پر برس پڑے تھے، 165 بارپیش ہونا پڑتا تو خودکش حملہ کردیتے۔  قانون کی باتیں کرنے والوں کا قانون کے برعکس رویہ جنگل کے قانون کی غمازی ہے۔


متعلقہ خبریں