لاہور میں شدید دھند کے باعث موٹروے ٹریفک، 18پروازیں متاثر


لاہور: آج صبح موٹروے پولیس نے شدید دھند کے بعث قومی شاہراہ کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا تاہم دھند میں کمی اور حد نگاہ بہتر ہونے پر مو ٹر وے کو کانوائے کی صورت میں اب کھول دیا گیا ہے۔

صبح کو ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد نے بتایا تھا کہ لاہور میں حد نگاہ 0 سے 100 میٹر تک ہے جبکہ خانیوال ملتان موٹروے اور ہائی وے پر بھی شدید دھند ہے جس کی وجہ سے ایم ٹو کو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دیا گیا ہے۔

شدید دھند کی وجہ سے ایم ون کو بھی رشاکئی سے پشاور تک بند کر دیا گیا تھا۔

ترجمان موٹروے کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنا چاہیے اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال بہت اہم ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ لوگ کسی بھی مشکل صورت حال میں موٹروے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں اور دوران سفر تیز رفتاری سے پرہیز کریں۔

ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ شیخوپورہ میں موٹروے پر دھند کے باعث دو حادثات میں دس گاڑیاں ٹکرانے سے آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔

پروازوں کا شیڈول متاثر

لاہور اور گرد نواح میں آج صبح دھند کے باعث اندرون و بیرون ملک پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا۔ کل 18 پروازیں متاثر ہوئیں جس میں سے 10 منسوخ ہوئیں۔

فلائیٹ انکوائری کے مطابق آج صبح چار بجے کے بعد لاہور ہوائی اڈے سے کوئی اے ٹی آر طیارہ روانہ نہ ہوسکا۔


معاونت
متعلقہ خبریں