ٹویٹر ٹرینڈز: 2018 میں ہوئی عمران خان کی شادی اور می ٹو

ٹویٹر ٹرینڈز: 2018 میں ہوئی عمران خان کی شادی اور می ٹو| urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: سال 2018 اپنی تمام تر ہنگامہ خیزیوں کے ساتھ بالآخر اختتام پذیر ہونے کو ہے۔ سوشل میڈیا اپنے مؤثر کرادار کے سبب اس سال بھی اسکرین اور پرنٹ میڈیا کو بڑے ٹرینڈ دینے میں کامیاب رہا۔

یوں تو ہر گزرتا پل ماضی ہے لیکن اگر گزشتہ 365 دنوں کا جائزہ لیا جائے تو کہیں سانحے ملیں گے اور کہیں مسکراہٹیں لیکن ذیل میں ہم صرف ان واقعات کا ذکر کریں گے جو نہ صرف سوشل میڈیا پر موضوع بحث رہے بلکہ بعض تو قومی سطح پر شہ سرخیوں میں بھی نمایاں رہے۔

جسٹس فار زینب #JusticeForZainab

پنجاب کے شہر قصور میں 8 سالہ بچی زینب کو اغوا کے بعد نہ صرف جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا بلکہ بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا گیا۔ قتل کے اس دلخراش واقعہ سے پوری قوم میں غم و خصہ اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی۔

دلخراش واقعہ پر پوری قوم نے نہ صرف شدید ردعمل کا اظہار کیا بلکہ سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ’جسٹس فار زینب‘ کے ذریع انصاف کی آواز بھی بلند کی جاتی رہی۔

عمران خان نے بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ واقعہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں بچے کتنے کمزور ہیں۔

الیکشن رزلٹ2018

اگر 2018 کو پاکستان میں تبدیلی کا سال کہا جائے تو یہ غلط نہ ہوگا۔ الیکشن کا سال ہونے کے سبب جہاں ملک کے طول و عرض میں گہما گہمی رہی وہیں سوشل میڈیا پر بھی الیکشن ٹاپ ٹرینڈ رہا۔

بالخصوص 25 جولائی کو ٹاپ فائیو میں چار ٹرینڈ الیکشن سے متعلق تھے۔ الیکشن کے دوران انتخابی مہم کیلئے عوامی نمائندوں اور سیاسی پارٹیوں نے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیا۔

سوشل میڈیا صارفین غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج، انتخابات میں ہونے والی بے ضابطگیاں اور اپنی پارٹی کی سپورٹ میں ٹویٹس کرتے رہے۔

پلانٹ فار پاکستان #PlantforPakistan

2018 میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی’پلانٹ فار پاکستان‘ نامی شجر کاری مہم بھی ٹوئٹر پر موضوع بحث بنی رہی۔ پاکستانی صارفین نے بڑھ چڑھ کر اس مہم کی حوصلہ افزائی اور ایک ہی دن میں پچاس ہزار سے زائد ٹویٹس کی گئیں۔ پلانٹ فار پاکستان کا مقصد ملک میں شجری کاری کو فروغ دینا اور مستقبل کے ماحولیاتی مسائل سے آگاہی فراہم کرنا تھا

عمران خان کی شادی

عمران خان کی تیسری شادی کو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی میڈیا نے بھی اپنی شہ سرخی بنایا۔ پی ٹی آئی سربراہ کی تیسری شادی کے الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر خوب چرچے رہے۔

#MubarakImranKhan ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ رہا جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور عمران خان کے مداحین نے عمران خان کو مبارکبادوں کا سلسلہ جاری رہا تاہم کچھ لوگوں نے پی ٹی آئی سربراہ کی تیسری شادی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

بشریٰ مانیکا

وزیراعظم عمران خان کی تیسری بیوی بشریٰ مانیکا کا ٹرینڈ نہ صرف سوشل میڈیا پر چھایا رہا بلکہ گوگل اور یوٹیوب پر بھی انہیں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔

#BushraManika کے ساتھ ٹوٹر صارفین نے خاتون اول کے لباس کو موضوع بحث بنایا۔ ٹوئٹر صارفین کی اکثریت نے لباس کو خاتون اول کا ذاتی مسئلہ قرار دیا۔

ہم نیوز کو خاتون اول بشریٰ مانیکا کا پہلا انٹرویو کرنے کا اعزاز نصیب ہوا جس میں انہوں نے عوام کے ذہنوں میں سلگتے کچھ سوالات کے جواب بھی  دیے۔ ہم نیوز کے اینکر ندیم ملک سے انٹرویو شروع ہوتے ہی بشریٰ مانیکا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئیں۔ کسی نے ان کے انداز گفتگو کو سراہا تو کسی نے دوٹوک جوابات کی داد دی۔ خواتین کی اکثریت نے انہیں رول ماڈل قرار دیا۔

می ٹو #MeToo

ہولی وڈ فلم پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے خلاف خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا جس کے بعد عالمی سطح پر’میں بھی‘(می ٹو) نامی مہم کا آغاز ہوا۔

پاکستان میں بھی خواتین کی بہت بڑی تعداد اس ہیش ٹیگ کو استعمال کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی سربراہ پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔

پاکستان کے معروف اداکار وگلوکار علی ظفر پر بھی ساتھی اداکارہ میشا شفیع سمیت متعدد خواتین نے ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔


متعلقہ خبریں