بالائی علاقوں میں کہر، میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان


اسلام آباد: موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز میں شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی اور بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہر پڑنے کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں،  بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں رات اور صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند پڑنےکا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی شاہراہ پرلاہور ٹھوکر، مانگا منڈی، پھول نگر، جمبر میں شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے۔

پتوکی،اوکاڑہ، ساہیوال، چیچہ وطنی اور میاں چنوں کے علاقوں میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جس کی وجہ سے حد نگاہ 00 سے 30 میٹر تک رہ گئی۔

فائل فوٹو

ترجمان موٹروے پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن، فیصل آباد اور گوجرہ تک شدید دھند کی وجہ سے بند ہے۔

ترجمان کے مطابق ایم ون پشاور سے رشکئی تک دھند کی وجہ سے بند ہے، موٹروے پولیس کی جانب سے شہریوں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات کی گئی ہیں۔

لاہور ایئرپورٹ پر رن وے کے اطراف میں دھند پڑنا شروع ہو گئی ہے، ایوی ایشن حکام کے مطابق گلف ایئر کی بحرین سے آنے والی پرواز 766 رات دس بجے تک تین گھنٹے تاخیرسے پہنچے گی۔
گلف ایئر کی بحرین جانے والی پرواز 767 رات گیارہ بجے چار گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہو گی۔
محکمہ موسمیات نے سول ایو ی ایشن کو دھند کی وارننگ جاری کر دی، رات 12 بجے کے فضائی آپریشن جزوی طور پر معطل رہنے کا بھی امکان ہے۔

عارفوالا اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے، ڈی ایس پی ٹریفک نے شہریوں کو فوگ لائیٹس استعمال کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد جبکہ دیگر علاقوں میں سرد اور خشک رہا۔ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند پڑی۔


متعلقہ خبریں