میدانی پنجاب اور بالائی سندھ دھند کی لپیٹ میں

فوٹو: فائل


اسلام آباد:  پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں دھند پڑنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ملک کے دیگر حصوں میں خشک سردی کی لہر برقرار ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں شدید کہر پڑنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ منگل کی صبح اسلام آباد کا درجہ حرارت  7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے ضلع ساہیوال  اور گردو نواح میں شدید دھند پڑنے سے حد نگاہ چند میٹر رہ گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری اپنی گاڑیوں پر فوگ لائٹس کااستعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔

نارووال، عارف والا، وہاڑی، جہانیاں، دیپالپور اورحویلی لکھا میں بھی شدید دھند پڑنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

فوٹو: ہم نیوز

عارف والا، وہاڑی,  میلسی, بورے والا اور گردونواح میں دھند پڑنے سے حد نگاہ صفر ہو گئی ہے۔

دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وہاڑی میں پولیس نے شدید دھند کے باعث  بڑی گاڑیوں ٹرک اور ٹرالرز کو سفر سے روک دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں خشک سردی پڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کے روز زیارت میں سب سے زیادہ سردی پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک نیچے آسکتا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کالام منفی07، گوپس، استور منفی06، گلگت، قلات، راولاکوٹ منفی 05، ہنزہ، کوئٹہ، منفی 04، چترال، دیر، مالم جبہ، بگروٹ، دروش منفی03، لوئر دیر، میرکھانی، رسالپور، پاراچنار، چلاس منفی02، کاکول، مری، بونجی، سیدوشریف اور کامرہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں