چیف جسٹس کا پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریاں تصدیق کرنے کا حکم

یورپین ایجنسی کا پی آئی اے کیلئے پابندی ہٹانے سے انکار

فوٹو: فائل


لاہور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے 28 دسمبر تک تمام پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریوں کو تصدیق کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں قومی ائر لائن (پی آئی اے) کے پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریز کی تصدیق کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بہت سے پائلٹس اور کیبن کریو کی فراہم کردہ ڈگریز پڑھے جانے کے قابل بھی نہیں ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جو واضح اور صاف ڈگریز فراہم نہ کرے  تو اُسے فارغ کر دیا جائے۔

سی اے اے کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملتان بورڈ نے تمام 161 افراد کی ڈگریز کی تصدیق کر دی ہے جب کہ فیصل آباد بورڈ نے 89 ڈگریز کی تصدیق کی ہے۔ اسی طرح سرگودھا بورڈ نے 70 میں سے 26 افراد کی ڈگریز کی تصدیق کر دی ہے جب کہ 39 افراد کی ڈگریز کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے اور پانچ افراد کے رول نمبرز ہی غلط ہیں۔

چیف جسٹس نے گزشتہ سماعت میں ڈگریوں کی تصدیق میں تعاون نہ کرنے والے تعلیمی اداروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 69 تعلیمی اداروں کے مالکان کو بھی طلب کیا تھا۔


متعلقہ خبریں