پاکستان افغان حکومت اور طالبان کو ایک میز پر لانے میں کامیاب، ذرائع

فوٹو: وزارت خارجہ


اسلام آباد: افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی مدد سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان افغان حکومت اور طالبان کو ایک میز پر لانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے چار ملکی دورے میں اہم ہمسایہ ممالک کو بھی اس بارے میں اعتماد میں لے رہے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے طالبان کی مشروط آمادگی سے افغان حکومت کو آگاہ کر دیا، وزیر خارجہ نے افغان قیادت کے بعد ایران اور چینی وزرائے خارجہ کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ افغان طالبان نے ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں افغان حکومتی نمائندگان سے ملنے سے انکار کیا تھا اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے پاکستان سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی تھی جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ذرائع کے مطابق طالبان نے نگران حکومت کے قیام کا مطالبہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے نگران حکومت کے قیام کیلیے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے جس میں اپنی نمائندگی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

طالبان نے کچھ راہنماوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع نے واضح کیا کہ افغان حکومت کے مثبت ردعمل کے بعد افغان حکومت اور افغان طالبان کےدرمیان مذاکرات ہونگے۔


متعلقہ خبریں