جے آئی ٹی رپورٹ میں ملک دشمنوں کے نام ہیں، حماد اظہر


 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ پڑھ کر ملک کا ہر فرد حیران رہ گیا ہے کہ ہمارے ملک میں کس طرح کے کام ہو رہے ہیں اور کتنے بڑے پیمانے پر، یہ دنیا کا سب سے بڑا اسکیم ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “ندیم ملک لائیو” میں میزبان ندیم ملک سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں جن جن کا نام آیا ہے سب کا احتساب ہو گا، کسی کو چھوٹ نہیں دی جائے گی، یہ لوگ پاکستان کے دشمن ہیں۔

حماد اظہر نے کہا ہے کہ غریب آدمی سائیکل بھی چوری کرتا ہے تو اسے ٹانگ دیا جاتا ہے جبکہ امیر اربوں کی کرپشن کرجاتا ہے اور اسے کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان کا کیس نیب میں چل رہا ہے اور ہم نے کبھی ان کا دفاع نہیں کیا، ہماری صفوں میں جو کرپشن کرے گا، ہم خود اس کو انجام تک پہنچائیں گے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری کی وجہ یہ تھی کہ کہیں وہ بھی اور لوگوں کی طرح ملک سے فرار نہ ہو جائیں۔

نواز شریف کیس میں آنے والے فیصلے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عدالت کی جانب سے بالکل ٹھیک فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ نواز شریف عدالت کے سامنے منی ٹرائل پیش نہیں کر سکے۔

کیا علیمہ خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنیاں حلال ہیں؟ ڈاکٹر مصدق ملک

پروگرام میں موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے ہم نے کیا کیا نہیں دیکھا، انہوں نے غریبوں کے ٹھیلے تک گرا دیے، یہ کس طرح کا انصاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت یک طرفہ کارروائی کر رہی ہے، کیا علیمہ خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنیاں حلال ہیں؟

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ ہماری احتساب کی تاریخ میں احتساب کے ساتھ ساتھ انتقامی کارروائی کے دن بھی ہیں، ہر حکومت کا یہ فرض ہے کہ یہ تاثر ختم کر کے شفاف طریقے سے کارروائیاں کرے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ آج وہی لوگ شامل ہیں جن کو ماضی میں پی ٹی آئی کی جانب سے بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

حکومت الزام لگا کر لوگوں کو مجرم بنا دیتی ہے، نثار کھوڑو

پروگرام میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ الزام لگانا ایک چیز ہے لیکن مجرم بنا دینا دوسری، الزام لگائیں پر بنا ثبوت کے مجرم کیسے بنا سکتے ہیں۔ حکومت الزام لگا کر لوگوں کو مجرم بنا دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پہلے بھی رہا کر دیا گیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ نیب کا فیصلہ ٹھیک نہیں تھا۔ نواز شریف کو حالیہ سزا میں بھی اپیل کی طرف جانا چاہیئے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کے کسی بھی وزیر نے اتنے مہینوں میں سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کا نام نہیں لیا، انہیں ملک واہس لا کر تحقیقات کیوں نہیں کی جاتی؟


متعلقہ خبریں