آئندہ ماہ تک متبادل توانائی پالیسی مکمل کرنے کی ہدایت


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے احکامات دیے ہیں کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، گیس چوری روکنے اورسردیوں میں شہریوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے یہ ہدایات وفاقی کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

ایک اعلامیے کے مطابق وزیراعظم آفس میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیرپیٹرولیم غلام سرور خان اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے آئندہ چھ ماہ کے لیے پاور سیکٹر میں طلب و رسد سمیت دیگر اہم متعلقہ امور پر متعلق بریفنگ دی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں بجلی کی طلب و رسد میں پیدا ہونے والے فرق کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سردیوں میں گیس مینجمینٹ پلان کے حوالے سے بریفنگ لی جس میں انہیں بتایا گیا کہ  سردی میں اضافے کے ساتھ ہی گیس کی طلب میں اضافہ ہوا ہے اور اس وجہ سے بعض علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر احکامات دیے کہ سوئی گیس کمپنیز گیس چوری روکنے کے حوالے سے منصوبہ پیش کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ آئندہ ماہ تک متبادل توانائی پالیسی کو بھی مکمل کیا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں کمیٹی کو بتایا جائے گا کہ ملک میں یوریا کھاد کی دستیابی اور اس کی قیمتیں کیا ہیں؟

ملک میں گیس بحران کے باعث گزشتہ دنوں وزیراعظم نے سخت ایکشن لیتے ہوئے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے مینیجنگ ڈائرکٹرز کے خلاف تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

وزیراعظم عمران خان کے احکامات کے ساتھ ہی سوئی سدرن اورسوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی تحلیل کردیا گیا تھا۔

کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا پہلا اجلاس گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو چیئرمین کمیٹی سرور خان کی زیر صدارت ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں