ڈیل اسٹین نے شان پالک کا ریکارڈ توڑ ڈالا

ڈیل اسٹین کا نیا ریکارڈ


اسلام آباد: مایہ ناز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے کامیاب ترین بولر بن گئے، انہوں نے  سابق کپتان شان پالک کا 426 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ ڈالا۔

ڈیل نے یہ اعزاز سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی اوپنر فخر زمان کی وکٹ لے کر حاصل کیا۔ بعد ازاں اننگز کے اختتام پر شان پالک نے ڈیل اسٹین کو ریکارڈ حاصل کرنے کی خوشی میں تحفہ بھی پیش کیا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے سرفہرست فاسٹ بولرز پر نظر دوڑائیں تو 427 وکٹیں لے کر ڈیل اسٹین پہلے نمبر پر موجود ہیں، شان پالک 426 وکٹیں لے کر دوسرے، مکایا انٹینی 390 وکٹیں لے کر تیسرے ،ایلن ڈونلڈ 330 وکٹیں لے کر چوتھے جبکہ مورنے مورکل 309 وکٹیں لے کر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

ڈیل اسٹین انجریز کے باعث گزشتہ تین سالوں میں محض چھ ٹیسٹ کھیل سکے۔ٹیسٹ کرکٹ میں آئی سی سی رینکنگز میں ان کی حکمرانی کئی عرصے سے قائم رہی تاہم گزشتہ سالوں میں انجریز کے باعث انہوں نے کرکٹ سے دوری اختیار کر لی ۔

پاکستان کے خلاف سیریز میں جنوبی افریقہ کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، ہوم ٹیم کی پیس بیٹری انجریز کا شکار ہے،جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں جہاں ویرن فیلنڈر اور لنگی نگیڈی انجریز کے باعث ٹیم سے باہر ہیں وہیں انجری سے واپسی کرنے والے ڈیل اسٹین پاکستان کے خلاف پریٹوریا میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کاغیسو رباڈا کے ہمراہ نئی بال پھینکنے کے فرائض سر انجام دیں گے۔

حالیہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی سیریز میں جنوبی افریقہ کے پیس اسٹار ڈیل اسٹین اپنے پورے جوبن میں دکھائی دیے، ڈیل اسٹین نے اپنے پیس سے آسٹریلوی بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا اور بہت عمدہ کارکردگی دکھائی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل اسٹین ایک عظیم فاسٹ بولر ہیں اور 2019 کے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے پلان کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیل اسٹین میں اب بھی دو سال کی ٹیسٹ کرکٹ باقی ہے۔


متعلقہ خبریں