ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود رہنے کا امکان

اسلام آباد اور پشاور کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بوندا باندی کا امکان

اسلام آباد: موسم کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں صبح اور رات  کے اوقات میں بعض مقامات پر شدید اور ہلکی دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ماہرین موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ شمالی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ بالائی علاقوں میں صبح کے اوقات میں کُہر پڑنےکا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت میں مطلع جزوی ابرآلود اور سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے میں بھی موسم شدید سردی اور خشکی کی لپیٹ میں رہے گا، کوئٹہ میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں موسم ابرآلود رہے گا، اسکردو میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 تک ریکارڈ کیا گیا۔

کشمیر خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا جب کہ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگا۔

سندھ میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ کئی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔


متعلقہ خبریں