امریکہ اور برطانیہ نے پاکستان کے نئے سفرا کو ایگریما جاری کر دیے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: امریکہ اور برطانیہ نے پاکستان کی جانب سے نامزد کیئے گئے نئے سفرا کو ایگریما جاری کردیا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق برطانیہ میں نامزد پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا کو برطانوی حکام اور امریکہ میں نامزد پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کو امریکی حکام کی جانب سے ایگریما جاری کردیے گئے ہیں۔

نفیس زکریا اس وقت ملیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں اور ان کا برطانیہ میں جنوری کے آخر میں چارج سنبھالنے کا امکان ہے جبکہ اسد مجید خان اس وقت پاکستان کے جاپان میں سفیر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کا فروری کے پہلے ہفتے تک واشنگٹن میں بطور سفیر چارج سنبھالنے کا امکان۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دونوں اشخاص کو ایگریما جاری ہونے اور اپنے موجودہ مشن سے پیک اپ کے بارے میں باقاعدہ طور پر آج ہونے والی سفرا کانفرنس میں بتایا جائے گا۔

رواں مہینے بیرون ملک سبکدوش ہونے والے سیاسی سفیروں کے لیے حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق واشنگٹن میں اس وقت کے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے چارج چھوڑنے  کے لیے حکومت پاکستان سے مزید دو ہفتے کا وقت مانگا تھا۔

کینیڈا میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر طارق عظیم اور سعودی عرب میں سفیر خان حشام بن صدیقی نے بھی چارج چھوڑ دیا تھا۔

دفتر خارجہ ذرائع کے مطابق مراکش، کیوبا اور سربیا میں بھی تعیناتی پاکستانی سفیروں نے بھی چارج چھوڑ دیا ہے۔ سبکدوش ہونے والے سفیروں نے اپنے عہدے کا چارج نائب سفیروں کے حوالے کر دیا۔

وزارت خارجہ نے بیرون ملک تعینات اپنے سفیروں کو سات دسمبر تک عہدے کا چارج چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دی تھی۔


متعلقہ خبریں