آصف زرداری سمیت 172 افراد کا نام ای سی ایل میں شامل



اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے منی لانڈرنگ کی جے آئی ٹی میں شامل 172 لوگوں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے اور جن 172 لوگوں کے جے آئی ٹی میں شامل ہیں اُن تمام کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں جب کہ ای سی ایل آصف علی زرداری کے بغیر نامکمل ہے اور وہ گرفتار بھی ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے سابق صدر آصف علی زرداری جے آئی ٹی کو سنجیدہ سمجھیں گے اور اُنہیں اب معلوم ہوجائے گا کہ یہ پرانا پاکستان نہیں ہے۔ حکومت کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا جب کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے بڑی رقم ملک سے باہر بھجوائی گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی کا امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔ پے در پے واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ کراچی میں کچھ گینگ دوبار متحرک ہو گئے ہیں۔ کراچی نے بہت قربانیاں دی ہیں اور ملک کا امن ملک سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی متحدہ کی اشتعال انگیز تقریر پر برطانوی حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی جب کہ بانی ایم کیو ایم کی تقاریر میں قتل کے احکامات دیے گئے ہیں اس معاملے کو برطانیہ حکومت کے سامنے اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں قتل و غارت کے احکامات بیرون ملک سے دیے جا رہے ہیں جب کہ جنوبی افریقہ اور برطانیہ کی سرزمین اس سلسلے میں استعمال کی جا رہی ہے اور اس وقت کراچی میں جنوبی افریقہ کے گینگ متحرک ہیں۔ علی رضا عابدی کا قتل بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شمالی وزیرستان اور مکران میں موبائل فون سروس بحال کر دی جائے گی جب کہ ملک بھر میں موبائل فون رجسٹریشن کا مقصد ملک میں موبائل فون کی تیاری ہے۔ موبائل فون کی رجسٹریشن کا سلسلہ یکم جنوری کے بعد بھی جاری رہے گا۔

نیپرا سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ چیئرمین نیپرا کی تقرری سے پہلے سروس اسٹرکچربنایا جائے گا جب کہ چیئرمین نیپرا کے سروس اسٹرکچرکی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل، ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو اضافی گرانٹ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں