بلاول صاحب! والد کو انجام یاد رکھنا چاہیے تھا، مراد سعید


اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر شدید ردعمل طاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول صاحب! اس طرح تو ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں۔ انہوں نے نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بے رحمی سے لوٹ مار کرتے وقت آپ کے والدِ گرامی کو انجام یاد رکھنا چاہیے تھا۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید نے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قوم کے بچے بچے کو جے آئی ٹی کی رپورٹ پڑھائی جانی چاہیے تاکہ قوم کو پتہ چلے کہ کس بیدردی سے ملک کو لوٹا اور اداروں کو تباہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ناشتے اور صدقے کے بکروں کی جعلی اکاؤنٹس سے ادائیگیوں کا حوالہ بذات خود جرم کا اعتراف ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سندھ میں پولیس کو تباہ وبرباد کرکے بلاول کے والد نے کراچی میں خون کی ہولی کھیلنے کی کھلی اجازت دی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما مراد سعید نے کہا کہ بلاول کو سمجھ نہیں آرہا ہے تو سمجھائے دیتے ہیں کہ پاکستان بدل چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باپ بیٹے کو کچھ اور نظر آئے نہ آئے، یہ ضرور دکھائی دے رہا ہے کہ کرپشن پر زمین تنگ ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں قوم کے مجرموں کے ساتھ مفاہمت نہیں بلکہ باز پرس کی جائے گی۔

وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے چیئرمین پی پی پی سے استفسار کیا کہ بلاول صاحب! قوم کو بتائیں تھر میں موت کے ننگے رقص کا ذمہ دار کون ہے؟

بے نظیر کی شہادت کے بعد پیپلزپارٹی کا نظریہ ختم ہوگیا، کنول شوزب

ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوزب نے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کی تقاریر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بے نظیربھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کا نظریہ ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سے ایسے ہی بیانات کی توقع کی جارہی تھی لیکن بلاول بھٹوکی تقریرپرافسوس ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں اداروں کے خلاف بات کی۔

کنول شوزب نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف بھی ایسے ہی بیانات دے  کرسلاخوں کے پیچھے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ داروں کےخلاف بات کرناان کا پرانا وطیرہ ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی کنول شوزب نے واضح کیا کہ جےآئی ٹی میں شامل تمام افراد کو بلا تفریق ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی نیا بیچ منجدھارمیں ڈوبتی دکھائی دے رہی ہے، خرم شیر زمان

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے بلاول بھٹو اورآصف علی زرداری کی تقاریر پرجاری کردہ  اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی نیا بیچ منجدھارمیں ڈوبتی دکھائی دے رہی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے پی پی پی کی قیادت کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کی تقریر سے معلوم ہوا ہے وہ کتنی مایوسی اور پریشانی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو اپنی کرسی اور لوٹ کا پیسہ ہاتھوں سے جاتا نظر آرہا ہے اور قرائن بتا رہے ہیں کہ جیل میں اگلی باری آصف علی زرداری کی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان نے کہا کہ بے نظیر کی شہادت کے دن بے نظیربھٹو کا ذکر نہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ زرداری ہار مان چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریت میں منہ چھپانے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بلاول بھٹو کی تقریر حقائق کے برعکس تھی۔

خرم شیرزمان رکن سندھ اسمبلی نے دعویٰ کیا کہ بی بی شہید کے جلسے میں حکومت سے بغاوت کا درس دیا گیا۔

پی پی پی قیادت اوررہنماؤں کو انہوں نے مشورہ دیا کہ اچھا ہوتا کہ پی پی رہنما بے نظیر بھٹو کی تحسین پر زیادہ وقت صرف کرتے۔

پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیرزمان نے کہا کہ پی پی قیادت بدحواسی اور سراسیمگی کا شکار ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دوسروں کو بہادری کا درس دینے والے خود ایک نمبر کے بزدل ثابت ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں