بنگلہ دیش میں عام انتخابات، انٹرنیٹ سروسز کی رفتار کم کر دی گئی

فوٹو: فائل


ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں انتخابات سے پہلے ہائی سپیڈ موبائل انٹرنیٹ سروسز کی رفتار کم کر دی گئی ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری کمیشن (بی ٹی آر سی) کی طرف سے انٹرنیٹ کی رفتار کم کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیلی کام اتھارٹی کے ذریعے موبائل آپریٹرز کو ای میل بھیجی گئیں۔ بی ٹی آر سی کے مطابق الیکشن تک صرف 2G انٹرنیٹ سروس دستیاب ہو گی۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں 6 نومبر سے 6 کروڑ لوگ 3G اور 4G موبائل انٹرنیٹ استعمال کر رہے ہیں۔

بی ٹی آر سی کی جانب سے اسپیڈ کم کیے جانے کے بعد تصاویر اور ویڈیوز کو اسٹریم یا اپ لوڈ نہیں کیا جا سکے گا جبکہ کم انٹرنیٹ اسپیڈ کے ساتھ ایپلی کیشنز کا استعمال تقریباً ناممکن ہو گا۔

بی ٹی آر سی کی ویب سائٹ پر اس سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

واضح رہے اتوار (30 دسمبر) کو بنگلہ دیش میں گیارہویں عام انتخابات ہوں گے، حکمران جماعت عوامی لیگ کی سربراہ اور وزیراعظم شیخ حسینہ مسلسل تیسری بار انتخاب لڑ رہی ہیں۔

حزب اختلاف کی رہنما اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی سربراہ خالدہ ضیا بدعنوانی کے الزامات کی بنا پر جیل میں ہیں، انتخابی مہم کے آغاز کے بعد بی این پی کے ہزاروں  کارکنان کو پولیس نے گرفتار کیا تھا جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے ان گرفتاریوں کو عام انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش قرار دیا تھا۔

اپوزیش جماعتوں کی جانب سے موجودہ وزیر اعظم حسینہ واجد کی حکومت پر مخالفین کو خاموش کروانے اورمختلف قوانین  کے ذریعے آزادی صحافت پر پابندیاں لگانے کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں