اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری سمیت ایگزٹ کنٹرول لسٹ(ای سی ایل) میں ڈالے گئے 172 افراد کی فہرست منظر عامر پر آگئی ہے جس میں بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نام بھی شامل ہیں۔
مبینہ طور پر منی لانڈرنگ میں ملوث 172 افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ وزیراطلاعات نے کہا تھا کہ ای سی ایل میں ان لوگوں کو ڈالا گیا ہے جن کے نام جعلی کاؤنٹس کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے تھے۔
ہم نیوز کو ملنے والی دستاویز کے مطابق پاکستان پییپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سمیت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا نام بھی شامل ہے۔
اومنی گروپ کے عبدلغنی انصاری،عبدالغنی ماجد، پنک ریزیڈنسی کے عبدلجبار، سندھ کے صوبائی محکمہ داخلہ کے عبدلمومن ڈہری، صدر سمٹ بینک احسن رضا درانی اور صدر سندھ بینک احسن طارق کا نام بھی ای سی ایل میں رکھا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ای سی پی علی عظیم اکرام، سندھ کے رکن صوبائی اسمبلی علی نواز مہر، سکریٹری لینڈ یوٹلائیزیشن غلام مصطفی پھل، سابق صدر سمیٹ بینک حسین لوائی، سندھ کے صوبائی وزیر امتیاز شیخ، ڈپٹی کمشنر ملیر قاضی جان محمد اور بحریہ ٹاون کے ملک ریاض حسین کا نام بھی ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں جن لوگوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنےکا فیصلہ کیا گیا ان میں ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادررکن صوبائی اسمبلی مکیش چاولا، ایڈیشنل سکریٹری سندھ نثار احمد شیخ، ممبر صوبائی اسمبلی سہیل انور سیال اور سکریٹری انڈسٹریز سید ضمیر حیدر کا نام بھی شامل ہے۔
منی لانڈرنگ کیس سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ آف پاکستان نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق کیس 31 دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الااحسن پر مشتمل بینچ معاملے کی سماعت کرے گا۔
عدالت کی جانب سے آصف زرداری، فریال تالپور، ملک ریاض، انور مجید، عند الغنی مجید، نمرمجید، پراسیکیوٹر جنرل نیب، آئی جی سندھ، آئی جی جیل خانہ جات سندھ اور زین ملک کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ جے آئی ٹی ٹیم کے سربراہ اور ممبران سمیت اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔