پنجاب کابینہ کا اجلاس کل اسلامیہ کالج بہاولپور میں طلب

وزیراعلیٰ پنجاب آزادی مارچ سے نمٹنے کے لیے سرگرم

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب کابینہ کا چھٹا اجلاس وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت کل اسلامیہ کالج بہاولپور کے کانفرنس ہال میں ہو گا، اجلاس صبح دس بج کر 30 منٹ پر شروع ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب بہاولپور کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں محکمہ صحت، تعلیم، نئی بھرتیوں پر پابندیوں کی چھوٹ سمیت اہم امور زیر غور آئیں گے۔

کابینہ اجلاس میں محکمہ صحت کے لیے وینٹی لیٹرز اور آئی سی یو بیڈز کی خریداری سے متعلق تجاویز پر غور ہو گا، میڈیکل کالجز میں کنٹریکٹ پر بھرتیاں اور اسٹنٹ پروفیسرز کو مستقل کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں غیر ترقیاتی اسکیموں اورخصوصی افراد کے تین فیصد کوٹے میں بھرتیوں پر پابندی کو ختم کرنے کی منظوری دی جائے گی۔

پنجاب کابینہ اجلاس میں راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے لیے فنڈز کی منظوری دی جائے گی اور  محکمہ صحت میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں گی۔

صوبائی وزراء اور بیورو کریسی کے افسران کو گاڑیوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سفارشات کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

کابینہ اجلاس میں پنجاب پاور ڈویلمپنٹ بورڈ کی کارکردگی برائے سال 2017 پیش کی جائے گی،  محکمہ صحت اور تعلیم سے متعلق آڈیٹر جنرل کی رپورٹس برائے سال 18-2017 بھی پیش ہوں گی۔

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق بھی اجلاس ہوگا۔ عثمان بزدار کو بہاولپور کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سے وکلا برادری کا نمائندہ وفد، بہاولپور چیمبر آف کامرس کا وفد، پارٹی عہدیداران اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی ملاقات کریں گے۔


متعلقہ خبریں